پٹنہ، 5/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) مغربی بنگال پولیس نے ہوڑہ میں رام نومی کے جلوس کے دوران ہوئے تشدد کے دوران فائرنگ میں شامل ہونے کے الزام میں بہار کے مونگیر ضلع سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کا نام سمت شاہ ہے جو مونگیر میں اپنے دوست کے گھر پر چھپا ہوا تھا جہاں سے اسے پیر کی شب چھاپہ ماری کر گرفتار کر لیا گیا۔
ہوڑہ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ہوڑہ پولیس کے انسپکٹر رینک کے افسر کی قیادت میں سات رکنی پولیس ٹیم نے پیر کی شب مونگیر ضلع کے قاسم بازار تھانہ علاقہ کے مکسپور گاؤں میں چھاپہ ماری کر ملزم سمت شاہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہ ہوڑہ کے شیوپور علاقہ میں فائرنگ کرنے اور اسلحہ لہرانے میں شامل تھا۔
ہوڑہ باشندہ سمت شاہ نے مونگیر میں اپنے دوست کے گھر پناہ لی ہوئی تھی۔ ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد افسران نے اسے ضلع عدالت مونگیر میں پیش کیا اور ٹرانزٹ ریمانڈ پر لے لیا۔ اس پر ہوڑہ پولیس اسٹیشن میں فساد کرنے سے متعلق تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال کے ہوڑہ میں گزشتہ ہفتہ رام نومی کے بعد نکالے گئے جلوس کے دوران زبردست تشدد دیکھنے کو ملا تھا۔ اس دوران شرپسندوں نے کئی علاقوں میں پتھراؤ اور آگ زنی کی تھی۔ اس دوران کئی مقامات پر فائرنگ کی بھی خبر تھی۔ مغربی بنگال کے علاوہ رام نومی کے بعد بہار کے سہسرام اور بہار شریف میں بھی زبردست تشدد دیکھنے کو ملا تھا۔